کیوبا کو غیر مستحکم کرنے کی نئی کوشش

فرانسیسی کمیونسٹ پارٹی کا بیان

مورخہ 15 نومبر 2021ء

مترجم: قیصر اعجاز

یہ 15 نومبر کیوبا میں جشن کا دن ہے کیونکہ نو ماہ کی نقل و حرکت کی پابندی کے بعد 600,000 پرائمری کے طلباء اسکولوں میں واپس آرہے ہیں اور کیوبا اپنی سرحدوں اور ہوائی اڈوں کو سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول رہا ہے۔ کیوبا وبائی مرض پر کافی حد تک قابو پاچکا ہے۔ مقامی ویکسین سے زیادہ تر آبادی کو تحفظ فراہم کیا جا چکا ہے۔ یہ پہلا ملک ہے، جہاں بچوں کو دو سال کی عمر سے کورونا سے تحفظ کی ویکسین لگائ جائ رہی ہے۔

کیوبا نے یہ کامیابیاں وبا اور عالمی پابندیوں کے باوجود حاصل کی ہیں کیونکہ ٹرمپ انتظامیہ نے ناکہ بندی کو مزید سخت کرنے کے لیے 243 نئے اقدامات اٹھائے تھے، جنہیں اس کے جانشین بائیڈن نے برقرار رکھا ہے۔ کیوبا نے نہ صرف متعدد مقامی ویکسین تیار کر کے اپنی آبادی کو تحفظ فراہم کیا ہے بلکہ اس نے اٹلی، مارٹینیک اور اندورا سمیت 40 ممالک میں 56 طبی دستے بھیجے ہیں۔

ایسے میں، امریکہ کے شہر میامی سے، کیوبا میں حکومت کی تبدیلی کے لیے احتجاج کا اعلان کیا جاتا ہے، یہ ایک ایسے پلیٹ فارم سے کیا گیا، جہاں تمام انقلاب مخالف اور رجعت پسند تنظییں اکٹھا ہوتی ہیں، اور پھر اندرونی مخالفین بھی اسے ہوا دیتے ہیں۔ ستمبر کے بعد سے، بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے “انسانی حقوق کے نام پر” اس مارچ کی حمایت کے لیے 23 اعلانات کیے جا چکے ہیں۔ جیسا کہ بولیویا میں فوجی بغاوت کے وقت، سوشل میڈیا پر، میامی میں مقیم پروفائلز اور اکاؤنٹس کی ایک بڑی تعداد “کیوبا کی آمریت کی مذمت” کرتی نظر آئی۔ اشتعال انگیزی اور جھوٹ کو پھیلانے کے لیے ایک میڈیا مہم ترتیب دی گئ ہے، جسے آپ سرمایہ درانہ زرائع ابلاغ پر آنے والے دنوں میں دیکھیں گے۔

فرانسیسی کمیونسٹ پارٹی عدم استحکام کی اس نئی کوشش کی مذمت کرتی ہے۔ پارٹی کیوبا کے عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کی تجدید کرتی ہے اور 62 سال کی ناکہ بندی کو فوری طور پر اٹھانے کا مطالبہ دہراتی ہے، جو تاریخ کی سب سے طویل، سب سے زیادہ ناانصاف، سب سے زیادہ ظالمانہ ناکہ بندی ہے۔

ایک بار پھر گزشتہ جون میں، 1992 کے بعد 29ویں مرتبہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی بشمول فرانس اور یورپی یونین کے تمام ممالک نے امریکی ووٹ کے خلاف اس ناکہ بندی کی مذمت کی۔ یہ کیوبا کے لوگوں کے لیے بلکہ دنیا کے تمام لوگوں کے لیے ایک ہنگامی صورتحال ہے۔ اب بین الاقوامی یکجہتی کی ایک وسیع تر تحریک کے لیے متحرک ہونے کا وقت ہے۔ فرانسیسی کمیونسٹ پارٹی اپنی پوری قوت کے ساتھ تعاون کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

حوالہ: یہ بیان 15 نومبر 2021ء کو فرانسیسی کمیونسٹ پارٹی نے اپنی ویب سائٹ پر فرانسیسی زبان میں جاری کیا۔

Leave a Comment